کوالالمپور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک07-مارچ2008) پاکستان کے عامر اطلس خان نے سی آئی ایم بی کوالالمپور اوپن سکواش چیمئین شپ کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔ انہوں نے ہم وطن فرحان محبوب کو شکست دی ۔ شمس السلام کاکڑ ملائشیا کے اونگ بینگ ہی سے ہار گئے ۔تفصیلات کے مطابق سی آئی ایم بی کوالالمپور اوپن سکواش چیمئین شپ کامین راؤنڈ گذشتہ روز شروع ہوگیا ۔ جس میں پاکستان کے عامر اطلس خان ، آسٹریلیا کے سٹیورٹ بوزول ، ملائیشیا کے اونگ بینگ ہی اور مصر کے عمر موساد نے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔ عامر اطلس خان نے مین راؤنڈ کے میچ میں ہم وطن فرحان محبوب کو شکست 3-1 سے شکست دی ۔ دونوں کے مابین سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا ۔پہلے سیٹ میں دونوںکھلاڑی کئی مراحل پر برابر رہے تاہم عامر اطلس خان کو مجموعی برتری حاصل رہی انہوں نے پہلا سیٹ 11-9 سے جیتا ۔ دوسرے سیٹ میں فرحان کو کم بیک کرنے کے کئی موقع ملے تاہم عامر اطلس نے برتری کو برقرار رکھا اور سیٹ 11-9 سے جیت لیا ۔دوسرے سیٹ میں ایک وقت پر سیٹ سکور 8-8 سے برار تھا ۔تیسرے سیٹ میں سخت مقابلے کے بعد فرحان محبوب نے کم بیک کیا اور ٹائی بریک پر سیٹ 12-10 سے جیتنے میں کامیاب رہے ۔ چوتھے سیٹ میں عامر اطلس خان نے شروع سے ہی برتری حاصل کی جو سیٹ اور میچ جیتنے تک برقرار رہی عامر نے یہ سیٹ 11-9 سے جیتا ۔ عامر اطلس کاکوارٹر فائنل میچ آج بروز جمعرات سٹیورٹ بوزویل سے ہوگا ۔سٹیورٹ بوزویل نے ملائیشیا کے محمد اشرف اذان کو 11-4"11-1"1-2 سے آسان شکست دی ۔