لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک10مئی 2008) سکواش کے عالمی افق پر پاکستان کی ناکامی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اس کے کھلاڑی پہلے راؤنڈ میں ہی ہمت ہارنے سے باز نہیں آرہے ہیں۔ برٹش اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں شائقین اسکواش کو ایک مرتبہ پھر یہی نظارہ کرنا پڑا جب پاکستان کے منصور زمان، فرحان محبوب اور عامر اطلس خان ایک راؤنڈ سے آگے نہ بڑھ سکے۔پاکستان کے تمام اسٹار اسکواش پلےئر برٹش اوپن ایونٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں ہی باہر ہوگئے ۔منصور زمان ،عامر اطلس اور فرحان محبوب لیورپول کرکٹ کلب میں ہونے والے مقابلوں سے ابتداہی میں ناکام رہے ۔گذشتہ مقابلوں میں فرانس کی جانب سے پہلی بار ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کرنے والے گریگوری گولٹیئر نے منصور زمان کو صرف37 منٹ کے کھیل میں بالترتیب 11-8,11-3,11-8 سے شکست دے کر کامیابی سے اعزاز کے دفاع کا آغاز کردیاہے ۔پشاور کے 17 سالہ عامر اطلس خان نے ابتدا میں اچھا آغاز کیاتھا لیکن وہ انگلینڈ کے جیمز ولسٹروپ کے ہاتھوں صرف 53 منٹوں میں ہی شکست کھاگئے ہیں ۔عالمی درجہ بندی میں 43 ویں پوزیشن پر موجود فرحان محبوب نے خود سے 33 پوزیشن میں آگے اونگ بنگ کے خلاف ابتدا میں سخت مزاحمت کی تاہم وہ تسلسل برقرار رکھنے میں ناکام رہے ۔دوسرے راؤنڈ میں کریم درویش، گولٹیئر، ڈیوڈ پامر اور امر شبانہ نے اپنے میچز جیت لیے۔