لاہور(اردپوائنٹ سپورٹس ڈیسک7-اگست 2007)یورپی دورے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق وطن واپس پہنچ گئے۔ لاہور ایئر پورٹ پر عوام کی ایک بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ایئرپورٹ پرٹینس فیڈریشن کے عہدے دار اور اعصام الحق کے خاندان کے افراد اور کئی دوست بھی موجود تھے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہا کہ وہ اس وقت اپنے کیریئر کے عروج پر ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ وہ مزید کارناموں سے ملک کا نام روشن کریں۔ حکومت کو ٹینس کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کے لیے کام کرنا چاہیے تاکہ ہر کھلاڑی میں بہترین کارکردگی دکھانے کا جذبہ پیدا ہو۔وہ چارروز لاہور میں قیام کے بعد نیو یارک میں یو ایس اوپن ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ ہوں گے۔ "جناح" سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی میرے لئے اعزاز کی بات تھی میرا اگلا ٹارگٹ امریکن اوپن میں اچھی کارکردگی ہے جس کے لئے تیاری کر رہا ہوں میں کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلوں گا۔قوم دعا کرے کہ میں اپنے مشن میں کامیاب ہوجاؤں۔