نیویارک (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک -05ستمبر2007) یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز میں ٹاپ رینک روجر فیڈرر نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد سپین کے لوپز کو شکست دے کر کوارٹر فائنل کيلئے کوالیفائی کر لیا۔ اب یو ایس اوپن ٹائٹل ان سے دو منزل دور رہ گیا جو ان کا مسلسل چوتھا امریکی ٹائٹل ہو گا۔ انہوں نے اپنے حریف کو 6-4، 6-1، 6-4، 3-6 سے شکست دی۔ ٹومی ہاس اور امریکہ کے جیمز بلیک کے درمیان مقابلہ تین گھنٹے سے زیادہ دیر تک چلا اور ہاس نے ٹائی بریک پر 7-6، 3-6، 6-4، 4-6 سے کامیابی حاصل کی۔ امریکہ کے اینڈی روڈک نے چیک ری پبلک کے ٹومس برڈچ کو شکست دی۔ برڈچ پہلا سیٹ ہارنے کے بعد مقابلہ جاری نہ رکھ سکے۔ ڈیوی ڈنکو نے کوریا کے لی ٹیک کو یکطرفہ مقابلے میں 6-4، 6-3، 6-1 سے ہرایا۔ اسرائیل کی شاحر پیر اور روس کی اینا چک ویٹاڈزی نے بھی کوارٹر فائنل کيلئے کوالیفائی کر لیا۔ شاحر پیر نے پولینڈ کی ریڈوانسکا کو 6-1، 6-4 سے، چک ویٹاڈزی نے آسٹریلیا کی پاسزک کو 7-5، 6-1 سے ہرایا۔