پیرس(سپورٹس ڈیسک) سپین کے رافیل نڈال نے سوئیڈن کے رابن سودرلنگ کو شکست دے کر سال کا دوسرا گرینڈ سلیم ایونٹ فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔پریس میں کھیلے جانے والے سال کے دوسرے گرینڈ سلیم ایونٹ مینز سنگلز کے فائنل میں سیکنڈ سیڈ رافیل نڈال نے ففتھ سیڈ رابن سودرلنگ کو دلچسپ مقابلے کے بعد اسٹریٹ سیٹس میں زیر کیا۔ سابق عالمی نمبر ایک کی فتح کا اسکور چھ چار ، چھ دو اور چھ چار رہا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ دو گھنٹے آٹھ منٹ تک جاری رہا۔ نڈال نے پانچویں مرتبہ فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ اس قبل اسپینش کھلاڑی نے دو ہزار پانچ، دو ہزار چھ، دو ہزار سات اور دو ہزار آٹھ میں فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتا تھا۔