زیورخ (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک02-نومبر 2007) ٹینس کی بہترین خاتون کھلاڑی اور سابق ورلڈ نمبر ون مارٹینا ہنگس نے ٹینس کی دنیا کو خیر باد کہہ تو دیا ہے لیکن وہ ایک بار پھر تنقید کی زد میں آگیئں ہیں ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ کوکین کی عادی ہیں۔ ومبلڈن 2007 ء میں ان کا جو ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا وہ مثبت نکلا اور ان سے حاصل کردہ نمونوں میں کوکین کے اجزاء کافی مقدار میں پائے گئے۔ تاہم مارٹینا نے اس سے انکار کیا اور کہا کہ انہوں نے کبھی ڈرگز استعمال نہیں کیں جب مجھے اس امر کی اطلاع دی گئی کہ میرا ٹیسٹ مثبت نکلا تو میں ششدر رہ گئی لیکن کافی سوچ بچار کے بعد میں نے یہ فیصلہ کیاکہ انٹرنیشنل ٹینس کے کھیل کو الوداع کہہ دوں کیونکہ میں اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے ساتھ طویل جنگ نہیں لڑ سکتی۔ 27 سالہ سوئس سٹار 5 گرینڈ سلام ٹائٹل جیت چکی ہیں۔ 2003 ء میں ریٹائرمنٹ سے واپسی کے بعد 2006 ء میں وہ عالمی رینکنگ میں 7 ویں نمبر تک پہنچ گئی تھیں لیکن اب 19 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔انہوں نے گزشتہ رات ایک پریس کانفرنس میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا