سنسناٹی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) سنسناٹی اوپن میں ٹاپ سیڈ اینا چاکویتازے نے ثانیہ مرزا کے بڑھتے قدم روک دیے ، بھارتی اسٹار کو روسی پلیئر کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ عالمی رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن پر فائز اینا چاکویتازے کو اگرچہ پہلے سیٹ میں نمبر تین سیڈ انڈین کھلاڑی نے پریشان کیا لیکن بعد میں اینا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئیفتح اپنے نام کی۔ یہ پہلا موقع تھا جب ثانیہ مرزا یہاں کسی ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچی تھیں اس سے قبل دو بار وہ کوارٹر فائنل میں پہنچ کر شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں تھیں ۔ اینا نے فیصلہ کن سیٹ میں برتری حاصل کرکے فائنل تک پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے ثانیہ کو 6-2، 5-7، 6-3 سے شکست دی ۔ دوسرے سیمی فائنل میں نمبر سات سیڈ اکیکو موری گامی ازبکستان کی اکگل امانموراڈوا کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گئیں ۔ عالمی نمبر61 موری گامی نے اکگل کو 6-7 (8/10)، 6-4، 6-3 سے شکست دی۔علاوہ ازیں نمبر 8 سیڈ ہنگری کی ایگنس ساوی نے ڈبلیو ٹی اے پالرمو ٹینس کے فائنل میں نمبر 2 سیڈ جرمنی کی مارٹینا مولر کو حیران کن شکست دیکر ٹائٹل حاصل کرلیا۔ ساوی نے اسٹریٹ سیٹس میں 6-0، 6-1 سے کامیابی حاصل کرکے اپنے کیریئر کا پہلا ٹائٹل جیتا۔ فائنل جیتنے کے بعد 18 سالہ ساوی نے کہا کہ یہ میری بڑی کامیابی ہے۔