سڈنی (اردپوائنٹ سپورٹس ڈیسک7-اگست 2007) پاکستان کے سابق کوچ باب وولمر کی بیوہ جل وولمر نے نئے کوچ جیف لاسن کو خط میں مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ وہ ہر قسم کے خوف سے آزاد ہو کر اپنی نئی ذمہ داری نبھائیں۔ اب تک لاسن کو دوستوں کی طرف سے مبارکباد کے جو خطوط موصول ہوئے ان میں پاکستان میں بڑھتے ہوئے تشدد اور خودکش دھماکوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ لاسن نے کہا کہ جل وولمر کا خط محبت بھرا ہے جس میں اس نے پاکستانی ٹیم، پاکستانی عوام کے ساتھ محبت کا اظہار کیا اور میرے لئے نیک خواہشات کی دعا کی۔ لاسن نے سڈنی کے ایک اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وولمر کی فیملی نے میرے حوصلوں کو اور مضبوط کر دیا، لاسن 21اگست کو پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2سال کے عرصے میں ایک بڑی کامیابی کا ٹاسک لاسن کو دیا ہے اور لاسن کا کہنا ہے کہ ان کو ناکامی کا خوف نہیں اور بیرونی مداخلت کا بھی ڈر نہیں اور کرکٹ کی سیاست سے بھی خوفزدہ نہیں ہوں، پاکستان کو بڑی کامیابی دلانے کیلئے پرامید ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ہاکی ٹیم کے پاکستان نہ جانے کی خبر پڑھ کر مجھے دھچکا لگا۔ اس سے آسٹریلوی اور برصغیر کے سپورٹس سے محبت کرنے والے لوگوں کو صدمہ ہوا۔ جیف لاسن کی فیملی ان کے ساتھ پاکستان نہیں آئے گی، ان کے بیٹے نے اگلے سال سنٹرہائی سکول میں داخلہ لینا ہے۔