کراچی (اردپوائنٹ سپورٹس ڈیسک7-اگست 2007) قومی ٹیم کے متعدد ارکان نے پی سی بی کے ڈائریکٹر ذاکر خان کی ٹیم میں بڑھتی ہوئی مداخلت اور کھلاڑیوں کے ساتھ سخت رويے پر خفگی کا اظہار کیا ہے اور اس کی باقاعدہ شکایت پی سی بی چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اگر چیئرمین نے ان کی شکایت کا نوٹس نہ لیا تو پھر ان کی شکایت بورڈ کے پیٹرن انچیف صدر مملکت پرویزمشرف سے کریں گے۔ ذرائع کے مطابق حال ہی نئے سنٹرل کنٹریکٹ کے سلسلے میں ہونے والی ایک میٹنگ میں ذاکرخان اور چند کھلاڑیوں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا اور انہوں نے ذاکرخان کے رويے کو انتہائی ناپسندیدہ قرار دیا اور کہاکہ اب ان کے رويے کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ذاکر خان کو سابق کپتان عمران خان کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے اور شہریار خان کے عہد میں ان کو فارغ کردیا گیا تھا لیکن نسیم اشرف نے پشاور سے تعلق رکھنے والے ذاکر خان کی دوبارہ تعیناتی کردی۔ نسیم اشرف کا تعلق بھی پشاور سے ہے۔ ایک کھلاڑی نے انکشاف کیاکہ ذاکرخان اور یونس خان کے درمیان بھی ٹیلی فون پر سخت کلامی ہوئی۔ کاؤنٹی کرکٹ کھيلنے والے یونس خان نے اس کی باقاعدہ شکایت کی۔ دوسری طرف ذاکر خان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری کے ساتھ سرانجام دے رہے ہیں اور وہ پلیئرز پاور کلچر کا خاتمہ کرنا چاہتے۔