کراچی (اردپوائنٹ سپورٹس ڈیسک8-اگست 2007) سابق کپتان اور کوچ جاوید میانداد نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے بہتر مستقبل کے لئے انڈین لیگ ضرور کھیلیں۔ کرکٹ بورڈ کی ایڈہاک کمیٹی غیر آئینی ہے اس لئے اسے کسی کھلاڑی کو پیسے کمانے سے روکنے کا اختیار نہیں ہے۔ ڈاکٹر نسیم اشرف کھلاڑیوں کو لیگ کھیلنے سے روکنے کے لئے جو دھمکیاں دے رہے ہیں انہیں میرا مشورہ ہے کہ وہ ایسا کرنے سے گریز کریں کیونکہ ملک میں عدلیہ مکمل آزاد ہے۔ کھلاڑی انصاف کے حصول کیلئے عدالتوں سے رجوع کر سکتے ہیں۔ میری چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری سے درخواست ہے کہ کھلاڑیوں کو روکنا ان کے حقوق سلب کرنے کے مترادف ہے اس لئے عدالت عالیہ از خود نوٹس لے۔ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز کو پیسہ کمانے کا سنہری موقع ہے اس لئے پی سی بی کو چاہئے کہ وہ کھلاڑیوں کو لیگ کھیلنے کی اجازت دے ورنہ کھلاڑیوں کے مالی نقصان کا ازالہ کرے۔ پاکستان میں کھلاڑیوں کا ریٹائرمنٹ کے بعد کوئی مستقبل نہیں ہے۔ گولڈ میڈل جیتنے اور عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے کھلاڑی بیروزگار ہیں