لاہور(اردپوائنٹ سپورٹس ڈیسک9-اگست 2007) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈسپلنری کمیٹی نے ڈسپلن کی خلاف ورزی پر فاسٹ باؤلر شعیب اخترکو تین لاکھ جرمانے اور سنٹرل کنٹریکٹ کے تحت ملنے والی رقم میں سے ڈیڑھ پوائنٹ کی کٹوتی کردی گئی ہے۔ شعیب اختر کراچی کے تربیتی کیمپ میں 4 اگست کو بغیر اطلاع کے غیرحاضررہے تھے جس کا پی سی بی نے سخت نوٹس لیا تھا اورمنیجر طلعت علی کواس کی انکوائری کرنے کی ہدایت کی تھی۔ منیجر نے ان کو بیان دینے کيلئے 7 اگست کو بلایا لیکن وہ پھر بھی حاضر نہیں ہوئے۔ گزشتہ روز بھی شعیب اختر نے منیجر کو وضاحت پیش نہیں کی جس پر منیجر نے ایک لاکھ جرمانے اور .5 پوائنٹ کٹوتی کی سفارش کی لیکن پی سی بی کی ڈسپلنری کمیٹی نے معاملے کو انتہائی سنگین قرار دیا اور سزا میں اضافہ کردیا۔ کراچی تربیتی کیمپ میں ہونے والے 20 اوورز میچ میں اپنی زبردست پٹائی پر شعیب اختر نے خالد لطیف کے خلاف بدکلامی کی تھی اور ڈریسنگ روم کے دروازے کو ٹھڈے مارے تھے لیکن پی سی بی نے اس واقعہ کا کوئی نوٹس نہیں لیا۔ شعیب اخترستمبر میں ساؤتھ افریقہ میں ہونے والے 20 اوورز ورلڈکپ سکواڈ کا حصہ ہیں۔ دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ باؤلر شعیب اختر کو 15روز کے اندر اپنا موقف پیش کرنے اور اپیل کرنے کا اختیار دیا ہے۔