کراچی (اردپوائنٹ سپورٹس ڈیسک9-اگست 2007) سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ میرٹ پر محمد یوسف کی سلیکشن یقینی تھی کیونکہ اس وقت وہ اپنے عروج پر دکھائی دیتے ہیں اگر سلیکٹرز نے انہیں ڈراپ کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا تو انہیں قومی کیمپ سے پہلے ہی بتا دیتے کہ وہ 20 اوورز کے ان کے پلان میں فٹ نہیں ہو رہے ہیں۔ ایک بڑے کھلاڑی کے ساتھ اس طرح کا سلوک زیب نہیں دیتا۔ انضمام الحق کی غیرموجودگی میں پاکستانی بیٹنگ کو محمد یوسف کی اشد ضرورت تھی بالخصوص جنوبی افریقہ میں پاکستانی ٹیم تجربہ کار بیٹسمینوں کے ہوتے ہوئے مشکلات سے دو چار رہی ہے۔ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کا مناسب پلیٹ فارم نہیں ہو سکتا اور اس کيلئے دو طرفہ سیریز ہوتی ہیں۔ عبدالرزاق یاسر عرفات کے مقابلے میں ون ڈے کے زیادہ کارآمد کھلاڑی ہیں۔ سابق کپتان عامر سہیل نے کہا کہ محمد یوسف کو ڈراپ کرنا ہی تھا تو ان کی جگہ پر کسی نوجوان کو موقع دیا جاتا لیکن مصباح الحق کی سلیکشن ان کے نزدیک حیران کن ہے۔