لندن(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک10-اگست 2007 )انگلش کرکٹ ٹیم کے لیفٹ ہینڈ لیگ سپنر ایشلے جائلزنے انجری مسائل کی وجہ قبل ازوقت انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ ہونے کا فیصلہ کرلیاہے جس کا باقاعدہ اعلان وہ جمعہ کے روز اوول کرکٹ گراؤنڈ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کرینگے۔ایشلے جائلز کا شمار انگلش ٹیم کے ٹاپ سپنر زمیں ہوتا ہے ۔جائلز اپنے کیرئیر میں اس وقت عروج پر نظر آئے جب انگلش ٹیم نے ایشز سیریز 2005ء میں ہوم گراؤنڈزپر آسٹریلیا کو رسوا کیا تھا مذکورہ سیریز میں جائلز نے ایک فتح گر بولر کا کردار ادا کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی اہم کردار ادا کیا اس کے فوری بعد جائلز دورہ پاکستان کے موقع پر ایشین سرزمین پر پہنچے لیکن وہ یہاں کی مردہ وکٹوں پر اپنے جوہر دکھانے میں ناکام رہے ۔جائلز کے برے دن اس وقت شروع ہوئے جب انگلش ٹیم ایشز سیر یز کے دفاع کیلئے آسٹریلوی سرزمین پر پہنچی تو ابتدائی دو ٹیسٹ میچو ں میں وہ کوئی خاطر خواہ کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے ۔پھر اچانک بیوی کی بیماری کی وجہ سے وہ دورہ ادھورہ چھوڑ کر انگلینڈ لوٹ گئے اس کی جگہ مونٹی پینسار کو ٹیم میں شامل کیا گیا جس نے اپنی ساحرانہ بولنگ سے انگلش شائقین کے ذہنوں سے جائلز کا نام تک کھرچ ڈالا۔جائلز نے کاؤنٹی کرکٹ جاری رکھی لیکن ہیپ انجری کی وجہ سے وہ اپنے پورے ردھم میں نہ آسکے اور اس کیلئے وہ تین آپریشن بھی کراچکے ہیں لیکن وہ مکمل طور پر فٹ نہ ہوسکے اس لیے انجری مسائل کی وجہ سے انہیں قبل ازوقت کھیل سے رخصتی لینی پڑی ۔جائلز نے اپنے بیان میں کہا کہ ”میں نے انگلینڈ کیلئے بہت شاندار کرکٹ کھیلی ہے میں مزید کھیلنا چاہتا تھا لیکن انجری مسائل مجھے ایسے کرنے سے روکے ہوئے ہیں“۔واضح رہے کہ جائلز نے اپنے آٹھ سالہ کیرئیر میں 54ٹیسٹ میچز میں 143شکار کیے اور 20کی اوسط سے 1421رنز بنائے۔