لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک10-اگست 2007 ) 20 اوور ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم سے خارج ہونے والے سینئر کھلاڑیوں محمد یوسف اورعبدالرزاق نے سنٹرل کنٹریکٹ اور انڈین کرکٹ لیگ کے بارے میں قانونی مشورہ مانگ لیا اور اس سلسلے میں انہوں نے اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک قیوم کے چیمبر سے رابطہ کیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے ابھی تک سنٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کئے ہیں۔ پی سی بی نے ان کو سنٹرل کنٹریکٹ کی کاپیاں ارسال کر دی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے قانونی ماہرین سے مشورہ مانگا ہے کہ اگر وہ سنٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کر دیں تو ان کے بھارتی کرکٹ لیگ میں کھیلنے کے کیا امکانات ہوں گے۔ یاد رہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ میں ایک شق یہ بھی رکھی گئی ہے کہ کوئی کھلاڑی بورڈ کی اجازت کے بغیر بیرون ملک کھیلنے کیلئے نہیں جا سکتا۔ کاؤنٹی کرکٹ میں حصہ لینے کیلئے بھی بورڈ سے اجازت ضروری ہو گی۔ انڈین کرکٹ لیگ نے ان دونوں کھلاڑیوں کے ساتھ رابطہ کیا ہے اور دونوں کو ایک سیزن کیلئے 3،3 لاکھ ڈالر کی آفر کی ہے اور اس اضافے کی توقع بھی ظاہر کی ہے۔ انڈین کرکٹ لیگ کے منتظمین نے پاکستان میں موجود اپنے ایک ایجنٹ کے ذریعے فاسٹ باؤلر محمدسمیع سے بھی رابطہ کیا ہے جو ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے تاہم انہوں نے سنٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کررکھے ہیں۔