اسلام آباد (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک11-اگست 2007 ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اور ریکارڈ یافیتہ بیٹسمین محمد یوسف کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دیئے جانے والے نئے سنٹرل کنٹریکٹ پر آئندہ چند روز میں دستخط کر دیں گے، تاہم ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر عبدالرزاق کے مستقبل کے بارے میں ابھی تک کوئی واضح صورتحال سامنے نہیں آسکی ہے۔ 20 اوورز عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے ان دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں کو حیران کن طورپر ڈراپ کر دیا تھا جس کے بعد ان دونوں کھلاڑیوں نے سنٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کیلئے کچھ وقت مانگا تھا جس کا گزشتہ روز آخری دن تھا۔ پی سی بی کا اس بارے میں کہنا ہے کہ محمد یوسف کوہم نے دستخط کرنے کیلئے چند روز کی مہلت دی ہے کیونکہ انہوں نے بورڈ کو مطلع کیا ہے کہ ان کے وکیل سنٹرل کنٹریکٹ کے مسودے پر غور کر رہے ہیں۔ بورڈ کے مطابق عبدالرزاق کی صورتحال مختلف ہے۔ بورڈ کی جانب سے بار بار کوششوں کے باوجود عبدالرزاق کے ساتھ رابطہ نہیں ہو سکا ہے بورڈ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک روز قبل ایک نجی ٹی وی چینل پر ان کی جانب سے بورڈ اور سلیکٹرز پر تنقید کے بعد ہم خود اندازا لگا سکتے ہیں کہ ان کا مستقبل کیا ہو سکتا ہے۔ عبدالرزاق ان سات کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں بھارت میں ہونے والی متنازعہ کرکٹ لیگ کھیلنے کی پیشکش ہو چکی کے اور یہ افواہیں بھی گردش کر رہی ہیںقومی سکواڈ سے ڈراپ ہونے کے بعد سنٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہ کرنے اور بورڈ پر تنقید کے بعد اب وہ بھارتی کرکٹ لیگ میں کھیلنے کیلئے چلے جائیں گے۔ بورڈ کی جانب سے دیئے جانے والے سنٹرل کٹریکٹ پر ابھی تک یونس خان اور دانش کنیریا نے بھی دستخط نہیں کئے ہیں۔