اسلام آباد(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک15-اگست 2007 ) قومی مڈل آرڈر بلے باز یونس خان نے بھارت کی متنازعہ کرکٹ لیگ کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے ملک کيلئے کھیلنے کو ترجیح دیں گے جبکہ ان کی ترجیحات میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا بھی شامل ہے۔ یونس خان جو اس وقت یارک شائر کاؤنٹی کيلئے کھیل رہے ہیں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ میں پیسے کے پیچھے نہیں بھاگتا ، میرے لئے ملک کيلئے کھیلنا پیسہ کمانے سے زیادہ بڑی بات ہے۔ سابق نائب کپتان کا کہنا ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کو بھی عزت سمجھتے ہیں اور اس بار بھی ڈومیسٹک کرکٹ میچوں میں حصہ لیں گے، یونس خان بھی ان چار کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے ابھی تک سنٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کئے ہیں اوران کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ 22 اگست کو وطن پہنچیں گے جس کے بعد سنٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کریں گے۔ یونس خان کا کہنا ہے کہ میں اپنے وکیل سے صلاح مشورہ کرنے کے بعد سنٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کروں گا۔ دریں اثنا پاکستان کے نوجوان بلے باز عاصم کمال جنہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی مسلسل نظر انداز کر رہی ہے کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ متنازعہ کرکٹ لیگ کھیلنے کے بارے میں سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔ عاصم کمال کے قریبی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ لیگ کے منتظمین کے ساتھ معاہدہ کرنے کے قریب ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں عاصم کمال کا کہنا ہے کہ مجھے پوری طرح یقین نہیں ہے کہ آئندہ مجھے پاکستان کی جانب سے کھیلنے کا موقع ملے گا یا نہیں، مجھے اس وقت بھارتی لیگ کی جانب سے بہت اچھی پیشکش ہے جس کے بارے میں انضمام الحق سے میں نے مشورہ کیا ہے اور اس پر دستخط کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے غور کر رہا ہوں۔