کولمبو (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک16-اگست 2007) سری لنکن باؤلر مرلی دھرن نے اپنے باؤلنگ ایکشن پر سخت تنقید کرنے پر سابق بھارتی سپنر بشن سنگھ بیدی سے 67ملین ڈالرز کے ہرجانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ سری لنکن سپنر مرلی دھرن کے منیجر کوشیل گونا سکیرا کے مطابق انہوں نے ہر جانے کا تحریری مطالبہ بشن سنگھ بیدی کو ارسال کر دیا ہے۔ جس میں مرلی کے وکلا نے جواب دینے کے لئے بشن سنگھ بیدی کو دو ہفتوں کا وقت دیا ہے جسکے بعد ان کيخلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا جائيگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بشن سنگھ بیدی نے حال ہی میں مرلی دھرن کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا اور اسے کھیل کے ساتھ دھوکے سے تشبیہ دی۔ بشن بیدی کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی سی سی نے مرلی دھرن کو کھیلنے کی اجازت دے کر خاصا عجیب و غریب فیصلہ کیا ہے۔ جس سے کھیل پر بُرا تاثر پڑتا ہے۔