لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ابوظہبی سیریز کیلئے پندرہ رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں شعیب اختر کے ساتھ ساتھ آف سپنر سعید اجمل کی بھی واپسی ہوئی ہے۔ سکواڈ میں سٹار بیٹسمین محمد یوسف کو بھی شامل کیا گیا تھالیکن ان کے آئی سی ایل چلے جانے کے بعد سلیکٹرز نے خالد لطیف کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،جبکہ کینیڈا ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی ٹیم میں شامل شعیب خان اور انور علی ڈراپ کر دیے گئے ہیں۔ فاسٹ بولر شعیب اختر پنٹنگولر لیگ کے آخری میچ میں عمدہ بولنگ سے سلیکٹروں کو متاثر کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں اسی طرح پنٹنگولر لیگ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی نے شاہد آفریدی کو حتمی سکواڈ میں جگہ دلوا دی ہے۔سلیم جعفر، اعجاز احمد اور شعیب محمد پر مشتمل سلیکشن کمیٹی نے کپتان شعیب ملک اور نئے کوچ انتخاب عالم کی مشاورت سے جس ٹیم کو حتمی شکل دی ہے وہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ شعیب ملک( کپتان)، مصباح الحق( نائب کپتان)، سلمان بٹ، ناصرجمشید، یونس خان، محمد یوسف، شاہد آفریدی، کامران اکمل، سہیل تنویر، شعیب اختر، عمرگل، راؤ افتخار، فواد عالم، عبدالرؤف اور سعید اجمل۔