لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے کوچ انتخاب عالم کی معاونت کے لیے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر عاقب جاوید کو پاکستان ٹیم کا اسسٹنٹ کوچ مقرر کیا ہے۔ وہ ابوظبی میں ویسٹ انڈیز کی سیریز سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ان کا معاہدہ دو سال کا ہے۔ جیف لاسن کے قریبی ساتھی اور قومی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ محتشم رشید کو بھی فارغ کر دیا گیا ہے۔ عاقب جاوید پاکستان اکیڈمی کے چیف کوچ اور کئی غیرملکی دوروں میں پاکستان جونیئر ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں۔ ان کا شمار محنتی اور ملک کے صف اول کے کوچز میں ہوتا ہے۔ 36 سالہ عاقب جاوید 1992ء میں ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستان ٹیم کے رکن تھے۔ انہیں 22 ٹیسٹ میں54 اور163 ون ڈے انٹرنیشنل میں182 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ واضح رہے کہ 66 سالہ انتخاب عالم کی مدد کے لیے ایک نوجوان معاون کی اشد ضرورت تھی۔ پی سی بی کے حد درجہ مصدقہ ذرائع کے مطابق پیر کو پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ نے عاقب جاوید کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ وہ کراچی کے تربیتی کیمپ سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی نئی سلیکشن جونیئر اور سینئر سلیکشن کمیٹیوں میں5، 5 سلیکٹرز کی تقرری کی تجویز ہے۔ نئی سینئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ماضی کے لیگ اسپنر عبدالقادر ہوں گے جب کہ سابق کپتان عامر سہیل کو قومی اکیڈمی کا ڈائریکٹر اور چیف کوچ بنائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پانچ رکنی سلیکشن کمیٹی میں موجودہ چیف سلیکٹر سلیم جعفر کو برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق عاقب جاوید کو طویل المیعاد بنیادوں پر اسسٹنٹ کوچ بنایا گیا ہے جب کہ فیلڈنگ کوچ محتشم رشید کو بھی ان کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے البتہ وہ قومی اکیڈمی میں کوچ کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گے۔