لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا چیف کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔چیئرمین پی سی بی اعجازبٹ نے سابق کپتان کو عاقب جاوید کی جگہ اس منصب پر تعینات کیاکیونکہ عاقب جاوید کواگلے دوسال کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اسسٹنٹ کوچ بنادیا گیا ہے۔گزشتہ روز سلیم ملک نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا اور عاقب جاوید سمیت اکیڈمی کے دیگر کوچز کے ساتھ ملاقات کی جبکہ اس سے قبل سلیم ملک اور چیئرمین اعجاب بٹ کے درمیان بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔این سی اے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سلیم ملک نے کہاکہ انہیں یہ منصب ملنے پر انتہائی خوشی ہے کیونکہ وہ پاکستان کرکٹ کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش تھی کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کریں۔سلیم ملک نے کہاکہ وہ بیٹسمین ہیں اور بلے بازوں پر زیادہ توجہ دیں گے،ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو ان کی نوکری پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے کیونکہ کورٹ انہیں جوئے اورمیچ فکسنگ کے الزام میں مکمل طور پر بے گناہ قرار دے چکی ہے۔سلیم ملک نے کہاکہ وہ اگلے ایک دوروز تک اکیڈمی کے حالات اور سٹریکچر کا مکمل طورپر جائزہ لیں گے اور انہیں اگر تبدیلی کی ضرورت محسوس ہوئی تو وہ سسٹم میں تبدیلی لائیں گے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کی بہتر تربیت کی جاسکے۔ایک سوال کے جواب میں اپنے دور کے عظیم بیٹسمین کا کہنا تھا کہ بے شک کوچنگ ایک آرٹ کا روپ اختیار کرچکی ہے لیکن وہ آج بھی تجربہ پر انحصارکرتے ہیں کیونکہ کورسز اور لیول ون ٹو تھری گزشتہ کچھ سالوں میں منظرعام پر آئے ہیں جبکہ اس سے پہلے جاوید میانداد تین بار ان کورسز کے بغیر قومی ٹیم کی کامیاب کوچنگ کرچکے ہیں لہذا میرے خیال میں کورسز تجربہ کا مقابلہ نہیں کرسکتے لیکن اس کے باوجود اگر انہیں ضرورت پڑی تو وہ لیول ون ٹوتھری بھی کرلیں گے۔محمد یوسف کے آئی سی ایل جوائن کرنے کے بارے میں سلیم ملک نے کہاکہ یوسف کا آئی سی ایل کھیلنا پاکستان کرکٹ کیلئے نقصان دہ ہے اور ہمیں سب سے پہلے اپنے ملک کو ترجیح دینا چاہیے۔