لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کو چ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ وہ انتخاب عالم کے ساتھ مل کر پاکستان کرکٹ کو ایک بار پھر فتوحات کے سفر پر گامزن کریں گے ۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مسلسل سات سال کی محنت کے نتیجے میں اسٹنٹ کوچ مقرر ہوئے ہیں۔ اور انہوں نے یہ عہدہ چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ1992ء کے ورلڈ کپ کی فتح کوچ انتخاب عالم اور کپتان عمران خان کے ویژن کا نتیجہ تھی اور کھلاڑیوں میں جیت کا جذبہ تھا ۔ وہ ایک بار پھر اسی ویژن پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ وہی پرانا جیت کا جذبہ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہناتھا کہ وننگ کمبی نیشن قائم کرنا ان کی پہلی ترجیح ہے کھلاڑیوں میں جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی صلاحیت پیدا کی جائے گی۔ عاقب جاوید نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں کنڈیشنز پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے سازگار ہوگی۔ بولنگ اٹیک کے بارے میں عاقب جاوید نے کہاکہ عمرگل اور سہیل تنویر عمدہ باؤلر ہیں جبکہ ا ن کے علاوہ سہیل خان اور وہاب ریاض بھی بہترین باؤلر ہیں۔شعیب اختر کے متعلق عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ شعیب میں ابھی وسیع کرکٹ باقی ہے اور ان کی بولنگ سپیڈآج بھی 145اور 150کے درمیان ہے جوکہ کسی بھی فاسٹ باؤلر کیلئے آئیڈیل سپیڈہے اور مجھے مکمل یقین ہے کہ ایک بار پھر پاکستان کا سنہری دور لوٹ آئے گا۔بیٹسمینوں کے بارے میں عاقب جاوید نے کہاکہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانی بیٹسمینوں میں وکٹ کے درمیان بھاگنے میں تھوڑی سستی پائی جاتی ہے جسے دور کرکے سکور بورڈ پر رنزوں میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔