لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-21اگست 2007) قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر عبدالرزاق نے پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے رویے پر احتجاجاً انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کو سلیکشن کمیٹی نے احساس دلا دیا تھا کہ 20 اوور ورلڈکپ کے بعد ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کے دروازے بھی بند کر دئیے جائیں گے۔ عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ وہ بطور کھلاڑی ہر ٹیم کا مقابلہ کر سکتے ہیں لیکن بورڈ سے لڑ نہیں سکتے۔ اب بورڈ نے ان کو واپسی کیلئے مجبور کیا تو یہ واپسی اب میری شرط پر ہوگی۔ عبدالرزاق کو حیران کن طور پر 20 اوور ورلڈکپ سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا جس پر انہوں نے ایک نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے بورڈ پر سخت تنقید کی تھی اور انڈین کرکٹ لیگ کے ساتھ اپنے رابطے بڑھا دئیے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 5 ماہ سے جاری بورڈ آفیشلز کا رویہ انتہائی غیر مناسب تھا جس کی وجہ سے وہ یہ فیصلہ کرنے پر مجبور ہوئے۔ بورڈ ان کی فٹنس اور کارکردگی کو نشانہ بنا رہا ہے جس کی وجہ سے میں انتہائی مایوسی اور بے دلی کا شکار ہو گیا ہوں۔ عبدالرزاق 46 ٹیسٹ اور 231 ون ڈے میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انہوں نے 46 ٹیسٹ میں 28.61 کی اوسط سے 1948ء رنز بنائے اور 36.94 کی اوسط سے 100 وکٹیں حاصل کیں۔ 231 ون ڈے انٹرنیشنل میں 29.96 رنز کی اوسط سے 4465 رنز بنائے جس میں 2 سنچریاں اور 22 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ 39.82 کی اوسط سے 246 وکٹیں حاصل کیں۔ 1999ء میں پہلا ٹیسٹ اور 1996ء میں پہلا ون ڈے کھیلا۔ وہ ان دنوں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کیلئے لندن گئے ہوئے ہیں اور یہ دھماکہ خيز اعلان بھی انہوں نے لندن ہی میں کیا۔