لاہور ، ممبئ(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-21اگست 2007) انڈین کرکٹ لیگ کی طرف سے اس امر کی تصدیق کی گئی ہے کہ پاکستانی کرکٹرز انضمام الحق ، محمد یوسف، عبدالرزاق، عمران فرحت، اظہرمحمود ویسٹ انڈین سابق کپتان برائن لارا، ساؤتھ افریقہ کے لانس کلوزنر اور نکی بوئے لاکھوں ڈالر مالیت کی انڈین لیگ کا حصہ بن گئے۔ اس امر کا اعلان لیگ کے آفیشل ہمانشوموڈی اور کپل دیو نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ آسٹریلوی گریٹ شین وارن اور میگرا کا بھی منتظمین سے رابطہ ہے لیکن ابھی انہوں نے معاہدہ نہیں کیا۔ آئی سی ایل کے چیئرمین کپل دیو نے بتایا کہ ہم انڈین لیگ میں نامور کھلاڑی شامل کرنا چاہتے ہیں، اس لیے اس فہرست میں اضافہ ہوگا۔ دریں اثنا بھارت کے 44 فرسٹ کلاس کرکٹرز کے علاوہ دنیش مونگیا نے بھی معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔ دریں اثنا پاکستان کے ایک نجی ٹی وی نے بھی انضمام، یوسف، رزاق اور عمران فرحت کے دستخط کرنے کی تصدیق کی ہے۔ محمد یوسف نے بتایا کہ انہوں نے دستخط کر دیئے ہیں اگر بورڈ نے تاحیات پابندی لگادی تو یہ اللہ کی مرضی ہوگی۔ کپل دیو جو مزید کھلاڑیوں سے معاہدہ کرنے کيلئے لندن پہنچ گئے ہیں ان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کا ٹور کرنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں سے بھی ان کے رابطے ہیں۔ دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے قومی کرکٹرز کو انڈین کرکٹ لیگ میں روکنے کيلئے مزید سختی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اب آئی سی ایل سے معاہدہ کرنے والے کھلاڑیوں کو تاحیات پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے بعد وہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔ اس سے پہلے بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ ان کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ پابندی کا حتمی فیصلہ کرکٹ بورڈ کی ایڈہاک کمیٹی اپنے اگلے اجلاس میں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ انڈین کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ ان کا رابطہ نہیں ہے