سڈنی( اردوپوائنٹ سپورٹس ) بھارت کے ہاتھوں شکست نے آسٹریلوی ٹیم کو سخت آزمائش میں مبتلا کر دیا ہے۔ پونٹنگ الیون کو کل تک سرآنکھوں پر بٹھانے والے آج اس پرتنقید کے نشتر برسا رہے ہیں۔ آسٹریلوی و برطانوی اخبارات نے پونٹنگ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کی قیادت پر کڑی نقطہ چینی کی ہے۔ میڈیا نے بھارت کے ہاتھوں شکست کو آسٹریلوی ٹیم کے زوال کی علامت قرار دیا ہے۔ برطانوی جریدے کے مطابق آسٹریلوی ٹیم بے اثر کپتان، بیمار نائب کپتان اور آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں کا مجموعہ ہے۔ ایک اخبار میں شائع ہونے والے تبصرے میں لکھا ہے کہ بھارت کے خلاف پونٹنگ کا برا ریکارڈ ان کے کیرئیر پر بدنما داغ ہے۔ تبصرے میں پونٹنگ کی قیادت اور بیٹنگ پر تنقید کے ساتھ ساتھ ان کے لئے مزید مشکلات کی بھی پیشن گوئی کی ہے۔ دوسری جانب آسٹریلوی بورڈ نے ناگپور ٹیسٹ کے چوتھے دن رکی پونٹنگ کی پارٹ ٹائم بولرز کو استعمال کرنے کی حکمت عملی کا نوٹس لیتے ہوئے بازپرس کا عندیہ دیا ہے۔ دوسری جانب سڈنی پہنچنے پر رکی پونٹنگ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے جوبھی فیصلے کیے درست کیے اور ایک وقت میںؒ وہ سب کو راضی نہیں کرسکتے،رکی پونٹنگ نے کہاکہ وہ بھارت کی خلاف شکست کو بھلا دینا چاہتے ہیں،کپتانی کے بارے میں پونٹنگ نے کہاکہ قیادت سے مستعفی ہونے کے بارے میں وہ ہرگزنہیں سوچ رہے کیونکہ ان میں کم بیک کرنے کی صلاحیت موجود ہے.