ابوظہبی(اردوپوائنٹ سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سیریز کے پہلے ایک روزہ کرکٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار وکٹوں سے شکست دیدی۔ابو ظبی میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کرس گیل کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں پردو سو چورانوے رنز بنائے ۔کپتان کرس گیل نے پانچ چھکوں اور گیارہ چوکوں کی مدد سے ایک سو تیرہ رنز بنائے جبکہ رام نریش سروان پچپن رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ فاسٹ بولر سہیل تنویر اور عمر گل نے تین ، تین کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ جواب میں پاکستان نے مطلوبہ دوسو پچیانوے رنز کا ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں پورا کر لیا۔کھیل کے آخری اوور میں پاکستان کوسترہ رنز درکار تھے جب کامران اکمل نے دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر قومی ٹیم کو فتح دلائی۔پاکستان کی جانب سے خرم منظور نے انہتر ، کپتان شعیب ملک نے چھیاسٹھ اور یونس خان نے چھپن رنز کی اننگز کھیل کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ویسٹ انڈین کپتان کرس گیل سنچری بناکر مین آف دی میچ قرار پائے۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ جمعہ کو کھیلا جائیگا.