ابوظہبی(اردوپوائنٹ سپورٹس رپورٹر) ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں4 وکٹ سے حیران کن شکست سے دوچارکرنے والی پاکستانی ٹیم سیریز میں کلین سوئپ کے لیے پرعزم ہے لیکن فاسٹ بولر شعیب اختر کی میچ میں شرکت مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل جمعے کو شیخ اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔ ویسٹ انڈین کپتان کرس گیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی ٹیم سیریز میں واپس آئے گی۔ جمعرات کو پاکستان کے زیادہ ترکھلاڑیوں نے ہوٹل میں آرام کیا۔ یونس خان، کامران اکمل اور عبدالرؤف کے علاوہ ان کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن میں شرکت کی جنہوں نے پہلے ون ڈے میں حصہ نہیں لیا تھا۔ قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اور سابق ٹیسٹ فاسٹ بولرعاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان ٹیم سیریزشروع ہونے سے قبل فیورٹ تھی۔ ہم تینوں ون ڈے جیت کر برتری ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ عاقب جاوید، شعیب اختر کی فٹنس کے بارے میں حتمی بات بتانے کو تیار نہیں ہیں۔ شعیب اختر نے بائیں پاؤں کی انجری کے باوجود جمعرات کو پریکٹس سیشن کے دوران 7 اوورز کرائے تاہم ان کی پنڈلی پر پٹی بندھی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ شعیب اختر صحت یاب ہو رہے ہیں لیکن جمعے کو ان کی فٹنس کا اندازہ ہو سکے گا چونکہ شعیب کی انجری اندرونی ہے اس لیے وہی بہتر بتا سکتے ہیں کہ ان کی تکلیف کس قدر بہتر ہے۔ ہم جمعے کی صبح ان کو میچ میں کھلانے کا فیصلہ کریں گے تاہم شعیب اختر نے7 اوورز کرا کر اپنی فٹنس میں بہتری لانے کی کوشش کی ہے۔ کرس گیل نے کہاکہ اچانک میچ گنوانے کا پوری ٹیم کو صدمہ ہوا ہے لیکن دو میچ باقی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹیم خراب نہیں کھیلی لیکن آخری اوور نے پوری محنت پر پانی پھیر دیا۔ گیل نے کہا کہ ہمارے بولروں نے اچھی بولنگ کی لیکن آخری اوور میں صورتحال تبدیل ہوگئی۔ یل نے کہا کہ ٹیلر سے آخری اوور کرانے کا فیصلہ درست تھا۔ پاکستان ٹیم کے ذرائع کے مطابق شعیب اختر کے فٹ نہ ہونے کی صورت میں قومی ٹیم میں ایک تبدیلی ہوگی۔ عبدالرؤف کی جگہ فاسٹ بولر راؤ افتخار انجم کھیلیں گے۔