لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-21اگست 2007) پی سی بی نے شعیب اختر کی دھمکیوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے اور ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ملنے والی سزا کو معطل کر دیا اور ان کو وضاحت کا موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے اس طرح انکے کیس کا از سر نو جائزہ لیا جائيگا۔ شعیب کراچی کیمپ میں بغیر بتائے غائب ہو گئے تھے۔ ٹیم منیجر طلعت علی نے دو مرتبہ ان کو وضاحت کیلئے بلایا لیکن وہ نہیں آئے۔ جس پر ان کا کیس ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا جس نے 3لاکھ روپے جرمانہ کیا۔ ڈسپلن کے ڈیڑھ پوائنٹ کاٹ لئے گئے۔ شعیب اختر نے سزا کے بعد بورڈ کے دفتر میں ایک آفیشل کيخلاف نازیبا الفاظ ادا کئے اور بعد میں سزا کيخلاف اپیل کر دی۔ اپیل کمیٹی جو معین افضل اور امتیاز احمد پر مشتمل تھی اس کا اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ منیجر طلعت علی فاسٹ باؤلر کو دوبارہ نوٹس جاری کرینگے کہ وہ کیمپ سے بغیر بتائے کیوں حاضر نہیںہوئے۔ شعیب اختر اس پر اپنا جواب داخل کرینگے جس کے بعد اپیل کمیٹی تمام کیس کا از سر نو جائزہ لے گی۔