لاہور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ سیکورٹی خدشات کے باعث بھارتی ٹیم پاکستان نہ آئے تو نیو ٹرل وینیو پر کھیلنے میں کوئی حرج نہیں کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ماضی کے عظیم باوٴلر وسیم اکرم نے کہا کہ آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد بھارتی ٹیم بہت مضبوط ہوگئی ہے پاکستان کے خلاف سیریز میں کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی ایل کامیاب ایونٹ بن چکا ہے اور وہ اس کے میچز شوق سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران فرحت ،عمران نذیر ،عبدالرزاق اور رانا نوید اچھے کھلاڑی ہیں انہیں قومی ٹیم میں شامل کرنا چاہیے۔وسیم اکرم نے کہا کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مڈل آرڈر بلے باز محمد یوسف کی کمی محسوس ہوگی۔انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ جیف لاسن کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں تھی ان کی جگہ انتخاب عالم کی تقرری خوش آئند ہے۔ایک سوال کے جواب میں وسیم اکرم نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو انڈین کرکٹ لیگ کو قبول کرلینا چاہئے کیونکہ اس ایونٹ میں شائقین کرکٹ کافی دلچسپی لیتے ہیں اور یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ آئی سی ایل ناکام ہو گئی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کیخلاف دو میچز جیتے ہیں لیکن بھارت کیخلاف سیریز میں انہیں کافی محنت کر نا ہوگی کیونکہ بھارتی ٹیم اس وقت اپنی ٹاپ فارم میں ہے۔