نیویارک (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-21اگست 2007) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا ہے کہ انڈین کرکٹ لیگ میں شامل ہونیوالے کھلاڑیوں کے مستقبل بارے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ایڈہاک کمیٹی سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔ نیویارک میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا محمد یوسف ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں طرح کی کرکٹ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کے انڈین لیگ سے معاہدے پر تشویش ہے۔ ان سے ذاتی طور پر بات کر کے آئی سی ایل میں شرکت سے روکنے کی کوشش کروں گا۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ عبدالرزاق کو سلیکٹرز نے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے ٹیم سے ڈراپ کیا۔ انہیں دلبرداشتہ نہیں ہونا چاہئے۔ فام اور فٹنس کی بنیاد پر وہ ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں۔