لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ انتخاب عالم نے کہاہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ابوظہبی سیریز میں تمام قومی کرکٹرز نے نیک نیتی سے کھیل پیش کیا جس کے نتیجہ میں پاکستان نے حریف ٹیم کو وائٹ واش کیا۔لاہور ائرپورٹ سے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انتخاب عالم نے کہاکہ پوری سیریز میں کھلاڑیوں نے توقع سے بڑھ کر شاندار کھیل پیش کیا تاہم فیلڈنگ کو شعبہ کو مزید بہتربنانے کی ضرورت ہے اور اوپننگ جوڑی سے جو توقعات تھی وہ پوری نہیں ہوسکی۔شعیب اختر کے بارے میں انتخاب عالم کا کہنا تھاکہ وہ پہلے دومیچز میں ان فٹ تھا تاہم آخری میچ سے قبل وہ مکمل طور پر فٹ تھا لیکن ٹیم مینجمنٹ نے وننگ کمبی نیشن کو برقرار رکھا کیونکہ جو کھلاڑی ٹیم میں کھیل رہے تھے انہیں باہر نکالنا ان کا حق مارنے کے مترادف تھا مجھے خوشی ہے کہ اس سیریز میں کسی کھلاڑی کا حق نہیں مارا گیا ۔انتخاب عالم نے کہاکہ قومی ٹیم کو پریکٹس کرنے کیلئے صرف چار دن کا موقع ملا اس کے باوجود کھلاڑی نے عمدہ کارکردگی پیش کی۔انہوں نے کہاکہ بھارتی ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہیے اگر ٹیم نہ آئی تو پاکستان میں چیمپئنزٹرافی کے انعقاد پر بھی سوالیہ نشان لگ جائیگا۔