لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ابوظہبی سیریز میں وائٹ واش کامیابی حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی ہے جبکہ دوسری جانب آئی سی ایل ٹورنامنٹ جیتنے والی لاہو ر بادشاہ کے کھلاڑی بھی لاہور لوٹ آئے ہیں۔گزشتہ روز لاہور ائرپورٹ پر شام پونے آٹھ بجے لاہور بادشاہ دہلی اور قومی ٹیم ابوظہبی سے لاہور کے علامہ اقبال ائرپورٹ پر ایک ساتھ پہنچی۔ائرپورٹ پر پہلے قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک سمیت شعیب اختر اور سلمان بٹ باہر آئے لیکن شائقین نے کوئی خاص ردعمل نہیں دکھایا لیکن جونہی باغی قرار دئیے جانیوالے لاہو ر بادشاہ کے کپتان انضمام الحق نمودار ہوئے تو شائقین نے ”انضما م الحق “لاہوربادشاہ “زندہ باد کے نعرے لگائے اور سابق قومی کپتان کا بھر پوراستقبال کیا۔