لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے محمد یوسف کے سنگین الزامات کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ سینئرز کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ محمد یوسف کے الزامات میں صداقت نہیں ہے۔ بدھ کو قذافی سٹیڈیم میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں محمد یوسف کے الزامات پر کوئی بات نہیں کروں گا۔ تاہم بعد میں انہوں نے کہا کہ میں نے کپتان بننے کے بعد ہر سینئر کھلاڑی سے مشاورت کی ہے اور میری ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں۔ قومی ٹیم کے کسی سینئر کو مجھ سے کوئی شکایت نہیں ہے کیوں کہ میں ہر ایک سے مشاورت کرتا ہوں اور سینئرز بھی مجھے بتاتے رہتے ہیں۔ یہ تاثر غلط ہے کہ میں نے کسی پر تنقید کی ہے اور میں نے کسی کو نظرانداز کیا ہے۔ شعیب ملک نے یوسف کی اس بات پر بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا کہ عبدالرزاق اور میرے بعد اب شاہد آفریدی کی باری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے محمد یوسف کا یہ بیان نہیں پڑھا۔ پاکستان ٹیم میں اہل کھلاڑیوں کو شامل کیا جاتا ہے۔ یہ کسی مخصوص علاقے کی ٹیم نہیں ہے قومی ٹیم ہے