لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک -27اگست 2007) قومی ٹیم کے کوچ جیف لاسن نے کہا ہے کہ اگر ٹیم نے تینوں شعبوں بیٹنگ، فیلڈنگ اور باؤلنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو تبھی 20اوورز ورلڈکپ میں کامیابی ممکن ہے۔ تربیتی کیمپ کے آخری روز اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پہلا ٹورنامنٹ ہے اس لئے کسی ٹیم کی جیت کے بارے میں پیشگوئی نہیں کی جا سکتی ہے۔ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں نے اچھا رسپانس دیا ہے، میری توقعات سے بڑھ کر کھلاڑیوں نے ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں انہوں نے کھلاڑیوں کو اعصابی طور پر مضبوط بنانے کیلئے کام کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ ٹیم اس نئی طرز کی کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے اس موقع پر کہا کہ قومی ٹیم کا سب سے بڑا مسئلہ فٹنس اور فیلڈنگ کا رہا اور اس مرتبہ مختلف مرحلوں کے کیمپوں میں اس پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ لاسن کے ساتھ ٹریننگ اچھا تجربہ رہا۔ انہوں نے جس طریقے سے ٹریننگ کروائی وہ ہمارے لئے نیا تجربہ تھا، ورلڈکپ جیتنے کی کوشش کریں گے۔