نئی دہلی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک -27اگست 2007) پاکستان کے فاسٹ باؤلر شعیب اختر اور محمد آصف کو اپنے جال میں پھانسنے میں ناکامی کے بعد انڈین لیگ کے منتظمین نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر شین بانڈ پر ڈورے ڈالنا شروع کر دیئے۔ انڈین لیگ میں نامور بلے باز شامل ہوچکے ہیں لیکن ابھی اعلیٰ پائے کا فاسٹ باؤلر شامل نہیں ہوا ہے۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر کو بھاری معاوضے کی پیشکش کی گئی ہے جس کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم شین بانڈ نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ انڈین لیگ نے اس سے پہلے کیویز کپتان فلیمنگ، کرس ہیرس، کرس کینز اور ناتھن آسٹل سے رابطہ کیا ہوا ہے۔ سابق کپتان مارٹن کرو نے کہا کہ دوسرے ملکوں کے مقابلے کیویز کھلاڑیوں کو کم رقم ملتی ہے اس لئے وہ انڈین لیگ کھیلنے میں حق بجانب ہیں۔ دوسری طرف نیوزی لینڈ پلیئرز ایسوسی ایشن کے منیجر ہیتھ ملز نے آئی سی سی پر زور دیا ہے کہ وہ انڈین لیگ کو تسلیم کرے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ لیگ کے بارے میں فیصلہ اگلے ہفتے کرے گا۔ یاد رہے کہ فلیمنگ کو4 لاکھ40 ہزار ڈالر کی پیشکش ہوئی ہے جو انہوں نے فی الحال تسلیم نہیں کی۔