کراچی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک 30-اگست 2007) قومی کرکٹ ٹیم پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے کینیا روانہ ہوگئی جہاں تین پریکٹس میچ کھیلنے کے بعد ٹیم جنوبی افریقہ کے لےء روانہ ہوگی۔ جمعرات کی صبح روانگی کے موقع پر تمام کھلاڑی خاصے خوشگوار موڈ میں دکھائی دیئے جن کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں محتاط ہو کر کھیلنا ہوگا جہاں قسمت کا بڑا کردار ہوگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نیروبی میں تین دوستانہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔ پہلا میچ یکم ستمبر کو یوگنڈا کے خلاف ہوگا پاکستانی ٹیم دو ستمبر کو میزبان کینیا اور آخری میچ چار ستمبر کو بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گی۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کارکردگی اسی سال ہونے والے ورلڈ کپ سے مختلف ہوگی۔ نیروبی میں دوستانہ میچوں میں شرکت کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ جائے گی جہاں وہ ورلڈ کپ میں پہلا میچ بارہ ستمبر کو سکاٹ لینڈ کے خلاف اور سپر ایٹ میں پہنچنے کے لئے آخری میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف 14 ستمبر کو کھیلے گی۔