لاہور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک 31-اگست 2007) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا ہے کہ جو بھی کھلاڑی انڈین کرکٹ لیگ کھیلے گا اس کیلئے قومی ٹیم کے دروازے بند ہوجائیں گے۔ محمد یوسف کی پاکستان میں بڑی عزت اور مقام ہے۔ قومی ٹیم کو بھی ان کی ضرورت ہے میری درخواست ہے کہ وہ ملک کیلئے سوچیں اور اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں انہیں انڈین لیگ سے زیادہ عزت، شہرت اور پیسہ ملے گا۔ گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے آتے ہی محمد یوسف کو تلاش کیا ہے اس وقت ٹیم کو ان کی ضرورت ہے۔ بورڈ کی پالیسی واضح ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی اپنی مرضی سے کوئی فیصلہ کرتا ہے تو اس کا ذمہ دار وہ خود ہوگا۔ انڈین کرکٹ لیگ کا کوئی سر پیر نہیں یہ بھی یقین سے نہیں کہا جاسکتا کہ یہ چلے گی بھی یا نہیں کیونکہ ابھی تک اسے بھارتی کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی نے تسلیم نہیں کیا۔ ہم اس بات پر متفق ہیں کہ ملک کے اندر کرکٹ کو آرگنائز کرنا بورڈ کا کام ہے جبکہ انٹرنیشنل سطح پر آئی سی سی موجود ہے۔ انڈین کرکٹ لیگ کے بارے میں دنیا کے باقی بورڈز جو فیصلہ کریں گے ہم بھی اسی کے مطابق ہی چلیں گے۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ نامور کھلاڑیوں نے بورڈ کے ساتھ کنٹریکٹ پر دستخط کئے ہیں۔ میں مانتا ہوں کہ ان کو مالی نقصان ہوا ہے میں ان کی حب الوطنی اور فراخدلی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ محمد یوسف ملک کے بارے میں سوچیں۔