لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-1ستمبر2007) پی سی بی نے انڈین کرکٹ لیگ کا سحر توڑنے کيلئے سنٹرل کنٹریکٹ سے منسلک کرکٹرز کے معاوضوں میں بے تحاشا اضافہ کر دیا ہے اور اس مقصد کيلئے ایک لاکھ 75ہزار ڈالر کی رقم مختص کر دی جو کھلاڑیوں میں مساوی طور پر تقسیم کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی ابھی بھی سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل بعض کھلاڑیوں کے بارے میں شک و شبہ میں مبتلا ہے اور بورڈ کو اطلاعات ملی ہیں کہ سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل بعض کھلاڑی انڈین کرکٹ لیگ کے ساتھ رابطے میں ہیں جس کے بعد پی سی بی کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا کہ سنٹرل کنٹریکٹ پر کاربند رہنے والے کھلاڑیوں نے ملکی مفاد کو ترجیح دی ہے اس لئے ان کے معاوضوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے لئے جو طریق کار اپنایا گیا ہے اس کے مطابق اے کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کو ایک لاکھ ملیں گے۔ بی کیٹگری کو 50ہزار اور سی کیٹگری کو 25ہزار ڈالر ملیں گے۔ اے کیٹگری میں کپتان شعیب ملک، محمد یوسف، یونس خان، شعیب اختر، شاہد آفریدی، عمر گل، عبدالرزاق اور محمد آصف شامل ہیں۔ ان میں سے محمد یوسف اور عبدالرزاق نے کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کئے اور انہوں نے انڈین لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔ اے کیٹگری میں شامل ہر کرکٹرز کو سالانہ تقریباً 3ملین روپے معاوضہ ملے گا لیکن اب ایک لاکھ ڈالر کی اضافی رقم دستخط کرنیوالے 6کھلاڑیوں میں مساوی طور پر تقسیم کی جائیگی اور ان کا سالانہ معاوضہ 3ملین سے بڑھ کر 4ملین یعنی 40لاکھ روپے سالانہ ہو جائیگا۔ دریں اثناء ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں مزید پرکشش مراعات بھی دی جائینگی تاکہ کھلاڑیوں کو انڈین لیگ جائن کرنے سے روکا جائے۔ ان مراعات کا اعلان کھلاڑیوں سے ملاقاتوں کے بعد کیا جائے گا۔ کرکٹ بورڈ نے اس سلسلے میں منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔