لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-1ستمبر2007) موبی لنک اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی نے ملک بھر میں مستقبل کے کرکٹ ہیروز کی تلاش کے لئے پروگرام کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پروگرام سے ہزاروں کی تعداد میں نوجوان کھلاڑی سامنے آئیں گے جنہیں بعد از انتخاب مناسب تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ یہ بھی سابق مایہ ناز کھلاڑیوں ظہیر عباس، عمران خان، جاوید میانداد اور وسیم اکرم کی طرح اپنا نام روشن کر سکیں۔ موبی لنک کی جانب سے ان باصلاحیت نوجوانوں کی "تعلیمی فنڈ" کے ذریعے بھی مدد کی جائے گی تاکہ یہ نوجوان کھیل کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم بھی جاری رکھ سکیں۔ اس سلسلے میں پی سی بی اور موبی لنک میں معاہدہ طے پا گیا ہے۔ موبی لنک کے صدر زہیر اے خالق نے کہا کہ کرکٹ کا کھیل ماضی میں بھی مقبول تھا۔ آج بھی مقبول اور آنے والے دنوں میں بھی یہ کھیل اسی طرح سے مقبول رہے گا۔ اس منفرد پروگرام سے نہ صرف ملک بھر سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی سامنے آئیں گے بلکہ ملک کے مختلف علاقوں میں اس پروگرام سے کرکٹ کو بھی فروغ ملے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے اس پروگرام پر موبی لنک کے تعاون اور گہری دلچسپی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کا کھیل ہماری زندگی کا حصہ بن چکا ہے۔ یہ پہلا موقع ہو گا جب پی سی بی کی جانب سے ملک کے دور دراز علاقوں میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش کيلئے پروگرام شروع کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے مطابق چاروں صوبوں میں بیک وقت اوپن ٹرائل شروع ہونگے جو دس دن تک جاری رہیں گے۔ منتخب شدہ کھلاڑیوں کو پہلے دو دن تک بعد ازاں مزید پانچ دن تک کوچنگ فراہم کی جائے گی۔ اس کے بعد منتخب کھلاڑی تین ایک روزہ میچ کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے تاکہ وہ اپنے اپنے ریجن کی ٹیم کے حتمی 15 کھلاڑیوں میں جگہ حاصل کر سکیں۔ یہ پروگرام یکم ستمبر سے شروع ہو کر جنوری 2008ء تک جاری رہے گا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد انڈر 16 کھلاڑیوں کی ٹیم تیار کرنا ہے