نیروبی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-03ستمبر2007) 4ملکی 20اوورز کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 30رنز سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی بٹور لی۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور پاکستان نے 7وکٹوں پر 191رنز بنائے۔ سلمان بٹ نے 3چوکوں کی مدد سے 33، عمران نذیر نے 4چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 29گیندوں پر 49، یونس خان نے 25گیندوں پر 4چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 48، شعیب ملک نے 10، شاہد آفریدی نے 3چھکوں کی مدد سے 18گیندوں پر 32اور کامران اکمل نے 11رنز بنائے۔ محمداشرفل نے 3اور فرہاد رضا نے 2کھلاڑی آؤٹ کئے۔ بنگلہ دیش 7وکٹوں پر 161رنز بنا سکی۔ نظام الدین نے 50گیندوں پر 8چوکوں اور 5چھکوں کی مدد سے 81رنز بنائے لیکن اور کوئی بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا۔ الوک کپالی نے 19، فرہاد رضا نے 18 رنز بنائے۔ پاکستان نے صرف 4باؤلرز آزمائے، شعیب اختر نے 30 رنز کے عوض 2، شاہد آفریدی نے 26رنز کے عوض 2 اور یاسر عرفات نے 31رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ محمدآصف نے 36اور افتخار انجم نے 33رنز دئیے لیکن وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ 4ملکی 20اوورز ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں یوگنڈا نے کینیا کو شکست دے کر اَپ سیٹ کر دیا۔ اس نے مہمان ٹیم کو 2 وکٹوں سے شکست دی۔ کینیا کے کپتان ٹکولو نے شاندار اننگز کھیلی لیکن دوسرا کوئی کھلاڑی بھرپور طریقے سے ان کا ساتھ نہیں دے سکا۔ ٹکولو نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 66رنز بنائے، اس کے بعد ٹی مثرا 13اوبویا 14اور اوڈیو 27ڈبل فگر میں داخل ہو سکے اور پوری ٹیم 6وکٹوں پر 132رنز بنا سکی، یوگنڈا نے 19.5 اوورز میں 8 وکٹیں کھوکر ہدف حاصل کر لیا۔ سیمائبا نے سب سے زیادہ 42رنز 35گیندوں پر بنائے جس میں 3چوکے اور 2چھکے شامل تھے، اولوینی نے 24، پٹیل نے 32رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے، اوڈیو نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ یوگنڈا کے سی وائیسوا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔