لیڈز(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-03ستمبر2007) بھارت نے پانچویں ون ڈے میں انگلینڈ کو 38 رنز سے ہرا کر انگلینڈ کی جیت کے مارجن کو کم کردیا اور اب انگلینڈ کو 3-2 سے برتری حاصل ہے۔ بھارت نے اتوار کو گزشتہ میچوں کی نسبت زیادہ اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور 6وکٹوں پر 324رنز بنا ڈالے، گنگولی نے 2چھکوں اور 7چوکوں کی مددسے 59، ٹنڈولکر نے 13چوکوں سے 71، گوتم گھمبیر نے 51، یووراج نے 10چوکوں اور 2چھکوں سے 72، دھونی نے 24، ڈریوڈ نے 24ناٹ آؤٹ رنز بنائے، اینڈرسن لیوس، براڈ، کولنگ ووڈ اور پینی سار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ نے 39 اوورز میں 8وکٹوں پر 242 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے مزید کھیل نہ ہو سکا اور میچ کا فیصلہ ڈی ایل رولز پر کیا گیا۔ کولنگ ووڈ نے 91رنز ناٹ آؤٹ، پرائر نے 46، آئن بیل نے 44 اور لیوس نے 17رنز بنائے۔ بھارت کی طرف سے اگرکار، گنگولی اور ایش پوار نے دو، دو، ظہیر خان اور پیوش چاولہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ گنگولی مین آف دی میچ بن گئے۔ امپائر 15 منٹ تک بارش رکنے کا انتظار کرتے رہے لیکن گراؤنڈ گیلی ہونے کے بعد کھیلنے کے قابل نہیں رہی اور میچ ختم کردیا گیا۔