نیروبی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک -05ستمبر2007) پاکستان نے پہلے 4قومی کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا اس نے ٹورنامنٹ کے آخری میچ میں کینیا کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔ اس سے پہلے پاکستان نے یوگنڈا اور بنگلہ دیش کو شکست سے دو چار کیا۔ ٹارگٹ کینیا کی ٹیم 19.4 اوورز میں 92رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان نے 14 اوورز میں دو وکٹیں کھو کر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔ محمد حفیظ، فواد عالم اور عبدالرحمن کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔ کینیا کی طرف سے ٹی مشرا 13، ابویا 17 اور آن گونڈو 16 ڈبل فگر میں داخل ہوسکے۔ یونس خان سب سے کامیاب باؤلر رہے انہوں نے 18رنز کے عوض 3وکٹیں حاصل کیں۔ شعیب اختر نے 22، عبدالرحمن نے 7 اور محمد حفیظ نے 19رنز کے عوض دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی طرف سے سلمان بٹ اور عمران نذیر کی جگہ شعیب ملک اور محمد حفیظ نے اوپننگ کی لیکن حفیظ صرف 12رنز بنانے کے بعد پویلین میں واپس لوٹ گئے۔ ان کی جگہ مصباح الحق آئے۔ مصباح اور شعیب ملک کے درمیان 56رنز کی رفاقت بنی۔ جب ٹیم کا سکور73 تھا تو شعیب ملک آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 33 گیندوں پر 2 چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 42رنز بنائے۔ ان کی جگہ فواد عالم کھیلنے کیلئے آئے۔ مصباح الحق 36 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ فواد عالم نے 4گیندوں پر 3رنز بنائے۔ قبل ازیں بنگلہ دیش نے سخت مقابلے کے بعد یوگنڈا کو 21 رنز سے شکست دیدی۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر خود کھیلنے کا فیصلہ کیا اور 5 وکٹیں کھو کر 145 رنز بنائے۔ مشرفی مرتضیٰ نے سب سے زیادہ 40 رنز ناقابل شکست بنائے جو 20 گیندوں پر 2 چوکوں اور 2 چھکوں سے بنائے گئے۔ تمیم اقبال نے 27، نظام الدین نے 16، آفتاب احمد نے 23 اور محمد اشرفل نے 13 رنز بنائے۔ ایسانز اور اولوبینی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ یوگنڈا نے 9 وکٹوں پر 124 رنز بنائے۔ اولوینی نے 46 رنز بنائے۔ سید رسل، عبدالرزاق، مشرفی مرتضیٰ اور محمد اشرفل نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کئے۔ پاکستان نے پہلے میچ میں یوگنڈا اور دوسرے میں بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔