لاہور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک -06ستمبر2007) پاکستان اے نے حیران کن طور پر مضبوط آسٹریلیا اے کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کرلی۔ پاکستان کی جیت میں یاسر حمید اور کپتان فیصل اقبال نے نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے تیسری وکٹ کی رفاقت میں ناقابل شکست 165 رنز بناکر آسٹریلوی باؤلرز کے چھکے چھڑوا دیئے۔ آسٹریلیا اے نے ٹاس جیت کر خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر232 رنز بناسکی۔ صرف ایک آسٹریلوی بلے باز نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوسکا۔ سب سے زیادہ سکور ہوپز نے 55 ناٹ آؤٹ بنائے جس میں 5 چوکے شامل تھے۔ اوپنر جیکوئس نے 5 چوکوں کی مدد سے 46ودگس نے 4 چوکوں کی مدد سے 44 ڈیوڈ ہسی نے 18 اور بٹر ورتھ نے 22 رنز بنائے۔ پاکستان اے کے کپتان فیصل اقبال نے 6 باؤلرز آزمائے جن سے توفیق عمر نے 33 رنز کے عوض 2، طاہر خان نے 46 اور محمد ارشاد نے 39 رنز کے عوض ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد ارشاد نے سب سے زیادہ 5 نوبال کروائے۔ نجف شاہ، سہیل تنویر اور منصور امجد وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ پاکستان اے کی طرف سے خالد لطیف اور توفیق عمر نے اننگز آغاز کیا لیکن توفیق عمر صرف 9 رنز بنانے کے بعد پویلین میں واپس چلے گئے۔ خالد لطیف نے 6 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔ اس کے بعد یاسر حمید اور فیصل اقبال وکٹ پر آگئے اور انہوں نے آسٹریلوی باؤلرز کا بھرکس نکال دیا۔ یاسر حمید 15 چوکوں کی مدد سے 108 اور فیصل اقبال نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کے ساتھ 76 رنز بنائے۔ دونوں آؤٹ نہیں ہوئے۔ آسٹریلیا نے 7 باؤلرز آزمائے۔ جن میں سے صرف بولنگر 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ گلیسپی ٹیم میں شامل نہیں تھے۔ وہ آئندہ دونوں میچوںمیں شرکت کریں گے۔