لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-10ستمبر2007) پاکستان اے نے آسٹریلین اے کرکٹ ٹیم کو تیسرے ایک روزہ میچ میں بھی 6 وکٹوں سے شکست دے کر کلین سویپ کردیا۔ خالد لطیف 142 اور یاسر حمید نے 108 رنز بنائے۔ پاکستان اے کے کپتان فیصل اقبال نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلین اے ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنائے جس میں کریگ روجرز نے 3 چوکوں کی مدد سے 112 رنز بنائے۔ رونچی نے 45 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 67، واگز نے 58، ڈیوڈ ہپی نے 28، وائٹ نے 23 اور ہوپز نے 15 رنز بنائے۔ آسٹریلین اوپنرز کے درمیان 111 رنز کی شراکت ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے سپنر منصور امجد نے 50 رنز دے کر 5، توفیق عمر نے 54 رنز کے عوض 2، طاہر خان اور جنید ضیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان اے نے مطلوبہ ہدف 47.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے یاسر حمید اور خالد لطیف نے سنچریاں سکور کیں۔ یاسر حمید نے 108، خالد لطیف نے 120 گیندوں پر 15 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 142 رنز بنائے۔ نوید لطیف نے 66 رنز بنائے۔ فیصل اقبال کوئی سکور نہ بناسکے۔ کالن نے 55 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں پاکستانی ٹیم نے تین جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم نے ایک تبدیلی کی۔ پاکستانی ٹیم میں نجف شاہ، عاطف مقبول اور سہیل تنویر کو ریسٹ کروائی گئی جبکہ انکی جگہ جنید ضیائ، عبدالرؤف اور محمدخلیل کو کھیلنے کا موقع دیا گیا جبکہ آسٹریلین ٹیم میں فل جیکوئس کی جگہ کولن بیلی کو شامل کیا گیا۔