جوہانسبرگ(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک -11ستمبر2007) پاکستان کے سٹار بلے باز محمد یوسف نے ٹیسٹ کرکٹر آف دی ائیر کا ایوارڈ جیت لیا ہے ،وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستان کے اولین کھلاڑی ہیں جبکہ دوسری جانب آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے دوسری مرتبہ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرلیا اور سرگارڈ فیلڈ سوبرز ٹرافی جیت لی۔ انہوں نے چندرپال، کیون پیٹرسن اور محمد یوسف کو شکست دی جبکہ کیپٹن آف دی ایئر کے ایوارڈ پر بھی انہوں نے قبضہ کرلیا۔ سالانہ ایوارڈ تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی جس میں انہوں نے مرلی دھرن، کیون پیٹرسن اور رکی پونٹنگ کو شکست دی۔ محمد یوسف ایوارڈ لینے کے لئے جوہانسبرگ میں موجود نہیں تھے۔ 25ون ڈے میچوں میں 1368 رنز بنانے والے آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن کو ون ڈے انٹرنیشنل پلیئر آف دی ایئر قرار دیا گیا جبکہ گزشتہ سال کے شروع میں ان کی ٹیم میں شمولیت پر انگلیاں اٹھ رہی تھیں اور یہ خدشہ تھا کہ ان کو ون ڈے ٹیم سے ڈراپ کردیا جائے کیونکہ ان کی فارم ٹھیک نہیں تھی۔ انہوں نے پہلے سی بی سیریز، پھر نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز اور پھر ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی دکھائی۔ دیگر نامزد کھلاڑیوں میں جیک کیلس، گلین میگرا اور رکی پونٹنگ شامل تھے۔ آسٹریلیا کے شان ٹیٹ ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ان کے حریفوں میں انگلینڈ کے روی بوپارا، بنگلہ دیش کے ثاقب الحسن اور نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر شامل تھے۔ شان ٹیٹ انجری کے باعث 20اوورز ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ بھارت کی گوسوامی کو حیران کن طور پر آسٹریلیا کی لیزا ستھالیکار اور انگلینڈ کی کلائر ٹیلر پر ترجیح دی گئی۔ انہوں نے ویمنز کرکٹرز آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا۔ کینیا کے تھامس اوڈویو ایسوسی ایٹ پلیئر آف دی ایئر، سائمن ٹوفل کو مسلسل چوتھی بار امپائر آف دی ایئر قرار دیا گیا، ان کا مقابلہ سٹیو بکنر اور مارک بینسن سے تھا۔ سری لنکا کو سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کا مقابلہ آسٹریلیا، آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ سے تھا۔