ولنگٹن (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-12ستمبر2007) نیوزی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بیٹسمین سٹیفن فلیمنگ نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سٹیفن فلیمنگ کی جگہ لیفٹ آرم سپنر ڈینیئل ویٹوری کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔ ولنگٹن میں لیفٹ ہینڈڈبیٹسمین سٹیفن فلیمنگ نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ تاہم وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ یہ ایک روزہ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا بہترین وقت ہے اور وہ جلد ہی ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔ ہوسکتا ہے کہ اگلے ہونے والی ہوم سیریز ان کے کیریئر کا اختتام ہو۔ فلیمنگ نے 280 میچ میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی، 218 میں بطور کپتان شامل ہوئے جن میں 98میچز میں نیوزی لینڈ کو فتح ملی۔ انہوں نے 32.41 کی اوسط سے 8\"007 رنز بنائے جو کسی بھی کیوی بیٹسمین کا سب سے زیادہ سکور ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو جسٹن وان نے بتایا کہ فلیمنگ کی جگہ ڈینیئل ویٹوری کو ون ڈے ٹیم کے ساتھ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی بھی سونپ دی گئی ہے۔ فلیمنگ نے اسی ٹیسٹ میچز میں نیوزی لینڈ کی کپتانی کے فرائض انجام دیئے جس میں انہوں نے اٹھائیس میں کیوی ٹیم کو فتح دلائی۔ سٹیفن فلیمنگ نیوزی لینڈ کے 20اوورز سکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔