اسلام آباد (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-13ستمبر2007) پاکستان کرکٹ ٹیم کے شہرہ آفاق بلے باز محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ آئی سی سی ایوارڈز میں ٹیسٹ کرکٹ آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کرنے والے محمد یوسف نے کہا ہے کہ بہت جلد وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف سے ملاقات کر کے ان کو اپنے مستقبل کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد یوسف نے کہا کہ آئی سی سی ایوارڈز ملنے پر انہیں بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کی محنت رنگ لائی ہے اور اسی محنت کے صلہ کے طور پر انہیں یہ ایوارڈ ملا ہے۔ محمدیوسف نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں جن کے تعاون سے انہیں کامیابیاں نصیب ہوئیں۔