لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-14 ستمبر2007) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا ہے کہ مڈل آرڈر بیٹسمین محمد یوسف سے ملاقات کے دوران انہیں قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ وہ پاکستان ٹیم کی نمائندگی کریں، کیونکہ ٹیم کو محمد یوسف جیسے بیٹسمینوں کی ضرورت ہے۔ ہفتے کو لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ محمد یوسف کی طرف سے آئی سی سی ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ حاصل کرنا پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔ میں22 ستمبر کو محمد یوسف سے ملوں گا۔ اس موقع پر انہیں کہا جائے گا کہ وہ انڈین لیگ کے بجائے پاکستان کے لیے کھیلیں۔ یہاں انہیں عزّت بھی ملے گی اور پیسا بھی۔ ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہاکہ بورڈ محمد یوسف کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کرے گا، جس میں انہیں نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔ یہ پُروقار تقریب پاکستان ٹیم کی وطن واپسی پر ہوگی، جس میں پوری پاکستانی ٹیم شرکت کرے گی۔