لاہور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) 20 اوور ورلڈکپ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی اور فٹنس ٹیسٹ گزشتہ روز لاہور میں شروع ہوگیا۔ کیمپ 23 جولائی تک جاری رہے گا جس میں دو شفٹوں میں کھلاڑی فزیکل اور نیٹ پریکٹس کریں گے۔ کیمپ کے پہلے روز اعلان کردہ کھلاڑیوں میں سے شاہد آفریدی اور محمد یوسف نجی مصروفیت کے باعث نہیں آئے۔ وہ آج سے کیمپ میں شرکت کریں گے جبکہ شعیب اختر گلے میں تکلیف اور بخار کے باعث دو ایک روز بعد کیمپ میں حصہ لیں گے۔ جن کھلاڑیوں نے گزشتہ روز کیمپ میں شرکت کی ان میں سلمان بٹ، عمران نذیر، محمد حفیظ، عمران فرحت، یاسرحمید، مصباح الحق، نوید لطیف، فیصل اقبال، عاصم کمال، فواد عالم، شعیب ملک، شاہد آفریدی، عبدالرزاق، کامران اکمل، محمد آصف، محمد سمیع، عمر گل، راؤ افتخار انجم، نجف شاہ اور عبدالرحمن۔ آفیشلز میں طلعت علی کیمپ کمانڈنٹ، ہارون رشید بیٹنگ کوچ اور عاقب جاوید باؤلنگ کوچ ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ کم منیجر طلعت علی نے کہا ہے کہ جاری کیمپ میں مطلوبہ نتائج حاصل کر لئے جائیں گے۔ گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد میں ہونے والے کیمپ کا تسلسل ہی برقرار رکھا جائے گا جس کا ٹیم فٹنس اور ٹریننگ کا بہت فائدہ ہوا تھا۔ یہاں بھی دو سیشن میں فزیکل اور کرکٹ ٹریننگ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 20 اوور کرکٹ الگ قسم کی ہے جس میں زیادہ پھرتی کی ضرورت ہے اور کھلاڑی کے اعصاب بھی تیزی کے ساتھ کام کرنے چاہئیں۔ فیلڈنگ کی ان مقابلوں میں بہت زیادہ اہمیت ہوگی اس لئے اس پر خصوصی توجہ دیں گے تاکہ سکور بننے سے روکا جا سکے۔ تمام کھلاڑی فٹ ہیں اور ان کی جیت کی بھوک بڑھ رہی ہے جس کا فائدہ ہوگا۔