لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-22ستمبر2007) وزارت کھیل نے وزارت قانون کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کے مسودے کا مکمل جائزہ لینے کے بعد اسکی منظوری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ وفاقی سیکرٹری کھیل شیخ اسماعیل نیازی نے وزارت قانون کی جانب سے پی سی بی کے آئین کی منظوری کے بعد اسکی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت قانون نے تمام قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پی سی بی کے آئین کی منظوری کے بعد وزارت کھیل نے اسکا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی سی بی کے آئین کی منظوری کے بعد بورڈ کا 15رکنی گورننگ بورڈ تشکیل دیا جائے گا جس میں 6ریجنز ، 5اداروں کے نمائندے اور 2ٹیسٹ کرکٹرز سمیت 2ٹیکنوکریٹس شامل ہوں گے جو بورڈ کے انتظامی معاملات کو دیکھے گے جبکہ چیئرمین کرکٹ بورڈ ڈاکٹر نسیم اشرف اس کورننگ باڈ ی کے سربراہ ہونگے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کو 17جولائی 1999ء کو معطل کر دیا گیا تھا اور بورڈ کے معاملات چلانے کیلئے ایڈہاک باڈی تشکیل دیدی گئی تھی جس کے آٹھ سال کے التوا ء کے بعد پی سی بی کے نئے آئین کی وزارت قانون نے منظوری دی ہے ۔ آئین 15 سے 20 دنوں میں نافذ ہونے کا امکان ہے۔