کراچی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-27-ستمبر2007) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان گریم سمتھ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انہیں فی الحال سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی خدشات نہیں ہیں نہ ہی ہمارے کھلاڑی خوفزدہ ہیں۔ ہم پاکستان کرکٹ کھيلنے آئے ہیں اور ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ پاکستانی عوام کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے۔ وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں نیوزکانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ جس میں کوچ مکی آرتھر، میڈیا منیجر ایم اووین سمتھ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے جنرل منیجر ڈویلپمنٹ محسن حسن خان بھی موجود تھے۔ گریم سمتھ نے کہاکہ پاکستان ایک ٹف ٹیم ہے ان کی اور ہماری ٹیسٹ رینکنگ میں کوئی واضح فرق نہیں ہے۔ شعیب اختر بلاشبہ ایک ورلڈ کلاس باؤلر ہیں۔ اگر وہ ہمارے خلاف کھیلیں گے تو ہمیں مزید احتیاط سے کھيلنا ہوگا جبکہ کنیریا اور محمدآصف کے خلاف کھيلنے کی حکمت عملی بناکر آئے ہیں۔ پاکستانی کپتان شعیب ملک ابھی کافی کم عمر ہیں، ان کو کپتانی میں اپنی اہلیت ثابت کرنا ہوگی تاہم وہ ایک بہترین کرکٹر ہیں۔ ہمارے لئے سخت سیکیورٹی کے انتظامات ہونا کوئی انوکھی بات نہیں ہے۔ دنیابھر میں میزبان ممالک مہمان ٹیموں کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہیں۔ انضمام الحق اور محمدیوسف کی پاکستانی ٹیم میں عدم شرکت سے ہمیں کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔